• news

احسن اقبال سے سری لنکن وزیر کی ملاقات‘ اقتصادی‘ معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال سے سری لنکا کے وزیر مملکت برائے خزانہ شیہان سیما سنگھے نے  ملاقات  کی۔ وفاقی وزیر  نے کہا کہ کرونا کی وبا نے دنیا بھر کی معیشت کو متاثر کیا۔ پاکستان کو حالیہ سیلاب کی صورت میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو اجاگر کیا۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین اقتصادی و معاشی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق  کیا گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ جب حکومت میں آئے تو ملک معاشی تباہی کے دہانے پرکھڑا تھا، ملک کی معاشی صورتحال کے پیش نظر تلخ فیصلے لئے اور آئی ایم ایف پروگرام کو بحال کیا۔ وفاقی وزیر نے سری لنکا کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی  کرائی۔ دریں اثناء سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی  نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی صدارت میں ملک کے نوجوانوں کے لیے 47 ارب روپے کے 6 منصوبوں کی منظوری دے دی۔ ان منصوبوں میں 0.146162 بلین روپے کی لاگت سے پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم (فیز III)، 22.21457 ارب روپے کی لاگت سے منتخب شعبوں میں پی ایچ ڈی کرنے والے ایم ایس/ایم فل کے لیے اوورسیز سکالرشپ پروگرام (فیز III)، 0.89755 ارب روپے کی لاگت سے پرائم منسٹر نیشنل ایوارڈ اور پرائم منسٹر یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر__  8.6 ارب  روپے کی لاگت سے بلوچستان اور فاٹا کے طلباء  کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی فراہمی اور وزیر اعظم 'با صلاحیت نوجوانان' انٹرن شپ پروگرام جس کی لاگت 47.480ارب  روپے ہے شامل ہیں۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو رہنمائی اور اعلیٰ تربیت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے جس کا عملی نمونہ یہ منصوبے ہیں جن سے ملک کے نوجوانوں کا مستقبل روشن ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن