شراب لائسنس کیس ،عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک توسیع
لاہور ( این این آئی) لاہور کی احتساب عدالت نے شراب لائسنس کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک توسیع کردی۔گزشتہ روز شراب کے لائسنس کے کیس میں عبوری ضمانت کے لیے سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار احتساب عدالت لاہور میں پیش ہوئے۔احتساب عدالت لاہورکے جج نسیم ورک نے درخواست پر سماعت کی۔فاضل جج نے استفسار کیا کہ عثمان بزدارکی گرفتاری مطلوب ہے یا نہیں عدالت کو آگاہ کریں، جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ آج کی تاریخ تک عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب نہیں۔فاضل جج نے کہا کہ پھر ایسے تو میں عبوری ضمانت میں تاریخیں ڈالتا رہتا ہوں، واضح ہدایات لے کر آئیں کہ اس کیس میں گرفتاری چاہیے یانہیں۔بعدازاں عدالت نے سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبرتک توسیع کردی۔