شاہد خاقان عباسی کی شہباز گل کیخلاف ہرجانہ کی درخواست کی سماعت 19 دسمبر تک ملتوی
لاہور (اے پی پی)لاہور کی سیشن عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کیخلاف دو ارب روپے ہرجانہ درخواست پر سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلا کو دوبارہ بحث کے لئے طلب کرلیا ۔ایڈیشنل سیشن جج لاہور ثمینہ حیات نے کیس کی سماعت کی۔وکلا کی جانب سے ہڑتال کے باعث کیس کی سماعت نہ ہو سکی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کر لیا۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شہباز گل کیخلاف ہرجانے کا دعوی دائر کر رکھا ہے،جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہباز گل نے 31جولائی کی پریس کانفرنس میں سنگین الزامات لگائے،شہباز گل نے 140 ملین بھارتی کمپنی سے لینے کا الزام عائد کیا۔بے بنیاد الزامات پر شہباز گل کو لیگل نوٹس بھی بھجوایا گیا۔شہباز گل نے لگائے گئے الزامات پر معافی مانگنے سے انکار کردیا۔شہباز گل نے سنگین الزامات لگا کر شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔عدالت شہباز گل کو دو ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔