• news

بھارت کا ویزے دینے سے انکار: پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم


لاہور (سپورٹس رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) کھیل میں بھی بھارتی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ جس کے باعث پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت سے محروم ہوگیا ہے۔ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشن نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو باضابطہ آگاہ کر دیا اور بلائنڈ کرکٹ کونسل کو ٹیم کے پاسپورٹ وصول کرنے کا کہہ دیا۔ بھارتی ہائی کمیشن نے موقف اپنایا کہ پاکستان کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں نہیں ہو رہیں، اس لئے ویزے جاری نہیں کر سکتے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے ویزے جاری نہ کرنے کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی مضبوط امیدوار تھی، ہم بھارتی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل سے مطالبہ کیا کہ کھیل میں سیاست کرنے پر بھارت کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ واضح رہے کہ بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ بھارت میں شروع ہو چکا ہے۔ پاکستان کو اپنا پہلا میچ 7 دسمبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنا تھا جبکہ روایتی حریف بھارت کے خلاف 8 دسمبر کو بڑا ٹاکرا ہونا تھا۔پاکستان نے بھارت کی جانب سے پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزا جاری نہ کرنے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کھیلوں کے مقابلے پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، پاکستان نے اپنی مایوسی سے بھارت کو آگاہ کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن