• news

سموگ آفت قرار،لاہور سمیت کئی شہروں میں ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ:پرویز الہٰی


لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں سموگ میں کمی کے لئے ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور سموگ کو آفت قرار دیا گیا ہے۔ پنجاب بھر میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر پابندی عائد ہے۔ وزیراعلیٰ نے سموگ میں کمی کیلئے وضع کردہ پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ کا سبب بننے والے عوامل پر قابو پانے کیلئے کارروائی عمل میں لائی جائے۔ محکمہ تحفظ ماحول، ٹرانسپورٹ، انڈسٹریز اور انتظامیہ کے افسر فیلڈ میں خود جائیں۔ سموگ میں کمی کیلئے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی جاری رکھی جائے۔کاشتکارو ں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لئے جدید ہارویسٹر ”ہیپر سیڈ“ فراہم کئے جائیں گے۔ اینٹوں کے تمام بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی یقینی بنائی جائے۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی، مونس الٰہی سے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی۔ ایم این اے حسین الٰہی بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ کو لاہور سیالکوٹ موٹر وے سے لنک کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے سے مواصلاتی رابطہ ہونے سے گوجرانوالہ کے شہریوں کو بے پناہ سہولت ملے گی۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے کا منصوبہ سابقہ دور میں بنایا۔ بدقسمتی سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس منصوبے کو تبدیل کیا جس سے لاگت میں اضافہ ہوا اور کئی شہر موٹروے سے لنک نہ ہوسکے۔گوجرانوالہ میرا اپنا شہر ہے، جلد دورہ کروں گا۔ گوجرانوالہ کے صنعتکاروں کیلئے نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا بھی جائزہ لیں گے۔ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کے گوجوانوالہ لنک کے منصوبے کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ پارٹنرشپ کی پیشکش کی۔ دوسری جانب پرویز الٰہی کی زیر صدارت والڈ سٹی لاہور اتھارٹی سے متعلق ا جلاس میں ڈی جی لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے بریفنگ دی۔ قدیم و تاریخی عمارتوں و مقامات کی ڈرون سے فضائی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گنجان آباد علاقوں میں جدید ترین ڈرون کے ذریعے تاریخی عمارتوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور تاریخی عمارات کے اردگرد تجاوزات کے سدباب کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ جدید ترین ڈرون سے قدیم عمارتوں ومقامات کو قبضوں سے محفوظ رکھا جاسکے گا۔ سرگنگارام کی ٹیکسالی گیٹ میں قدیم رہائش گاہ کی بحالی پر رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شیخوپوراں بازار ٹیکسالی گیٹ میں گنگارام کی دکانیں اورکٹری میں میوزیم اورگنگارام گیلری قائم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سے سپیشل مصور عمر جرال نے ملاقات کی۔ اور اپنے ہاتھ سے بنائی ہوئی پوسٹر پینٹنگ پیش کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے عمر جرال کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا اور سپیشل مصور عمر جرال کے فن پارو ں کی نمائش کرانے کا اعلان کیا۔ پرویز الٰہی نے میجر شبیر شریف شہید کے 51 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشان حیدر حاصل کرنے والے میجر شبیر شریف شہید قوم کا فخر ہیں۔ پرویز الٰہی نے مانگا منڈی میں ڈاکوو¿ں کی فائرنگ سے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ نذیر سلطان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
 پرویز الٰہی 

ای پیپر-دی نیشن