اگلے انتخابات ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت ہی ہونگے، احسن اقبال
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے اگلے عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت ہی ہونگے۔ ساتویں ڈیجیٹل آبادی شماری کے لیے ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا اس سال اپریل میں حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے، ساتویں ڈیجیٹل مردم مردم شماری کے عمل میں تیزی لائی گئی ہے اور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز بشمول آئی ٹی منسٹری، نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن این ٹی سی، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نادرا، پاکستان بیورو آف شماریات وزات منصوبہ بندی کی چھتری کے نیچے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا پارلیمنٹ اگست 2023 میں اپنی مدت پوری کرے گی اور اگلے عام انتخابات اس مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گے، سیلاب سے بلوچستان اور سندھ سب سے زیادہ متاثرہ صوبے ہیں اور دونوں صوبوں کو بحالی کی لئے مزید 6 سے 8 ماہ لگیں گے۔ اپریل یا مئی میں تازہ مردم شماری مکمل ہونے کے بعد ہی نئے انتخابات اکتوبر میں ہو سکتے ہیں اور پھر الیکشن کمیشن کو نئے اعداد و شمار کی بنیاد پر نئی حد بندیوں کے لیے مزید چار ماہ درکار ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی ڈیجیٹل مردم شماری اپریل 23 میں مکمل ہو جائے گی۔