• news

میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کا 51واں یوم شہادت  لاہور میں منایا گیا


اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کا 51واں یوم شہادت  لاہور میں منایا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل ملک امیر محمد خان نے میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ شہید کے مذار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سول و عسکری حکام اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔ 1971 کی پاک بھارت جنگ میں پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کو حویلی لکھا کے سرحدی علاقے سلیمانکی سیکٹر میں ناکوں چنے چبوانے والے پاکستان کے عظیم سپوت میجر شبیر شریف شہید28 اپریل 1943 کو گجرات میں پیدا ہوئے،19 اپریل 1964 کو پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا، 3دسمبر 1971 کو میجر شبیر شریف شہید سلیمانکی سیکٹر میں فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی ایک کمپنی کی کمانڈ کر رہے تھے، ان کو ایک اونچے بند پر قبضہ کرنے کی مہم سونپی گئی جہاں سے دو گائوں گورمکھ کھڑا اور بیری والا زد میں آ سکتے تھے۔ میجر شبیر شریف شہید کو اس پوزیشن تک پہنچنے کیلئے پہلے دشمن کی بارودی سرنگوں کے علاقے سے گزرنا تھا اور پھر 100 فٹ چوڑی اور 18 فٹ گہری ایک دفاعی نہر ثبونہ کو تیر کر عبور کرنا تھا، دشمن کی شدید گولہ باری کے باوجود مشکل مرحلہ طے کیا اور اپنی کمپنی کی قیادت کرتے ہوئے دشمن پر سامنے سے ٹوٹ پڑے اور 3دسمبر کی شام تک دشمن کو قلعہ سے باہر نکال دیا گیا، گھمسان کے اس معرکے میں دشمن کے43 سپاہی مارے گئے اور 28 کو قیدی بنایا گیا، متعدد ٹینکوں کو بھی تباہ کر دیا گیا ۔ میجر شبیر شریف شہید واحد فوجی افسر ہیں جن کو نشان جرات اور نشان حیدر دونوں عطا کیے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن