• news

فیصل آباد: مالکان کے تشدد سے گھریلو ملازمہ قتل‘ وزیر اعلیٰ کا نوٹس، 3 ملزم گرفتار


فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) نواحی علاقے میں گھریلو ملازمہ کو مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا۔ سی پی او کے نوٹس پر پولیس نے تین ملزموں کو حراست میں لے لیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقہ شیخوپورہ روڈ پر پیراڈائز ویلی کے رہائشی صنعتکار اور اس کے ملازمین نے اپنی گھریلو ملازمہ سولہ سالہ ماریہ بی بی کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور اس کی لاش کو ہاؤسنگ سوسائٹی کے خالی پلاٹ میں پھینک دیا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق مقتولہ ماریہ کی گردن پر تشدد کے واضح نشانات ہیں۔ مقتولہ ماریہ کے والد کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی بیٹی کو معروف صنعتکار کے گھر ملازمت پر چھوڑا تھا۔ میری بیٹی کو قتل کیا گیا ہے جبکہ مالکان میری بیٹی کے قتل کو طبعی موت قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے فیصل آباد میں تشدد کے بعد گھریلو ملازمہ کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن