سانحہ ماڈل ٹاؤن: دوسری جے آئی ٹی کے خلاف کیس میں آج دلائل طلب
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاون کی دوسری جے آئی ٹی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی ہے۔ چیف جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں 7رکنی لارجر بنچ نے نامزد ملزم پولیس اہلکاران کے وکیل سے سات دسمبرکو مزید دلائل طلب کر لئے ہیں۔ پولیس اہلکاران کے وکیل منصور اعوان نے موقف اپنایا کہ وزیراعلی پنجاب کی زبانی ہدایت پر جے آئی ٹی بنا دی گئی ہے۔ جے آئی ٹی کی تشکیل سے قبل کابینہ کی منظوری نہیں لی گئی ہے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے دوسری جے آئی ٹی کا نوٹیفکیشن کر دیا ہے۔ مصطفیٰ امپیکس کیس کی روشنی میں کابینہ کی منظوری قانونی تقاضا ہے۔ دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل قانونی طریقہ کار سے ہٹ کر ہوئی ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ وزیراعلی پنجاب کے بیان حلفی کے مطابق زبانی ہدایات کے تحت جے آئی ٹی بن سکتی تھی یا نہیں، عدالت کوآگاہ کیا جائے۔