عالمی سطح پر میری ٹائم آگاہی کے فروغ کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر، نیول چیف
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے قومی سطح پر میری ٹائم آگاہی کے فروغ کے لئے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں جو تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی رجحانات سے ہم آہنگ ہوں، سمندروں اور ان سے وابستہ مسائل کا ادراک اکیسویں صدی میں اقوام کی معاشی سیکیورٹی اور عالمی جغرافیائی سیاست میں مرکزی کردار کا حامل ہے۔ پاکستان کے لئے ممکن نہیں ہم بلیواکانومی یا بحرِہند اور اس کے ملحقہ علاقوں میں رونما ہوتی تبدیلیوں کو نظر انداز کر سکیں۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پانچویں میری ٹائم سیکورٹی ورکشاپ (MARSEW-5) کے موقع پر شرکاء کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا یہ امر میرے لیے نہایت اطمینان کا باعث ہے پاک بحریہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں پانچویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ 2022 (MARSEW-5) کا انعقاد کررہی ہے، یہ ورکشاپ 2017سے پاک بحریہ کی ایک اہم سالانہ تقریب کی حیثیت اختیار کرچکی ہے۔ نیول چیف نے کہا پاکستان کا معاشی مستقبل سمندروں سے وابستہ ہے جو نوع انسانی کی بقا کی آخری امید ہے، اگرچہ سمندر اور ساحل نوع انسانی کا مشترکہ ورثہ سمجھے جاتے ہیں تاہم سمندری وسائل کی اہمیت کے پیشِ نظر ان پر حقوق کی دعویداری بڑھتی جارہی ہے جس کی اس سے قبل تاریخِ انسانی میں مثال نہیں ملتی، بحرِ ہند میں وقوع پذیر ہوتی تبدیلیاں پاکستان کے میری ٹائم افئیرز پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہیں، پاکستان کی قومی سلامتی پالیسی برائے2026-2022کا محور جغرافیائی تزویراتی پہلو کی بجائے جغرافیائی معیشت ہے جس کا مطلب ہے قومی سلامتی کی اسکیم میں معاشی اور انسانی ترقی کے پہلووں کو نمایاں مقام حاصل ہے، اس تناظر میں ملکی محفوظ سمندری ماحول سے پیدا ہونے والی ملکی، معاشرتی اور معاشی ترقی کے لئے بلیو اکانومی کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہونا چاہیے۔