• news

شہباز گل کیخلاف کراچی میں بھی مقدمہ‘ بلوچستان میں درج کیس میں طلب


کراچی (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گلِ کے خلاف بریگیڈ تھانے میں ملکی ادارے کے خلاف نفرت، دشمنی، اشتعال پھیلانے اور جھوٹی مہم جوئی کے الزامات پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ الزام نمبر 22/772 جیکب لائن کے رہائشی شہری محمد سعید کی مدعیت میں بجرم دفعہ 500،505،131 اور 153اے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق شہری محمد سعید کا کہنا ہے کہ وہ اپنے میڈیا اکائونٹ سے موبائل استعمال کر رہا تھا کہ اس نے ایک ویڈیو دیکھی جس میں پاکستان تحریک انصاف کا رہنما تقریرکررہا تھا جو بڑے پیمانے پرالیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی تھی۔ پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے خلاف بلوچستان میں درج مقدمے میں انہیں پولیس نے طلب کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شہباز گل کے خلاف ضلع قلعہ عبداللہ میں ایف آئی آر درج ہے جس میں پیکا ایکٹ کے تحت 7 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق مقدمے کی روشنی میں شہباز گل کو آگاہ کرنے کے ساتھ انہیں طلب بھی کرلیا گیا ہے تاہم اگر وہ نہیں آتے تو گرفتار کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن