• news

معاشی استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے: سعودی سفیر`


اسلام آباد (نامہ نگار+ نیٹ نیوز) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان کے لیے جلد مزید معاشی تعاون کی توقع ہے، تاہم سعودی عرب سمجھتا ہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا سعودی عرب نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کروائے گئے تین ارب ڈالر کی ڈیپازٹ میں مزید تین ماہ کی توسیع کی ہے، تاہم پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے جلد مزید تعاون کی بھی توقع ہے، ہم معاشی استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے۔ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا تھا جسے ری شیڈول کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ اگلے چند ماہ میں یہ دورہ ہوگا۔ ولی عہد پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے زیراہتمام ایکسٹراوگنزا 2022ء کا افتتاح سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے جامعہ کے نیو کیمپس میں کیا۔ یہ ایونٹ 9 دسمبر تک جاری رہے گا جس میں فوڈ گالا، بک فیئر، تقاریر میڈیا ہنٹ، فنون لطیفہ کی نمائش، قرات و نعت کے مقابلے اور مشاعرہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پہلے روز کتاب میلہ، پھولوں کی نمائش اور فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ سعودی سفیر نے کہا کہ یہ ایونٹ یونیورسٹی کے اسلامی اور بین الاقوامی تشخص کی حقیقی تصویر ہے۔ بعدازاں یونیورسٹی کے صدر نے شعبہ اسلامک آرٹس اینڈ آرکیٹیکچر کی جانب سے لگائی گئی خطاطی کی نمائش کا بھی افتتاح کیا۔ مہمان خصوصی معروف خطاط رشید بٹ تھے۔

ای پیپر-دی نیشن