• news

حکومت انڈ سٹر یل سٹیٹس طرز پر کا ٹیج سٹی کا قیام  عمل میں لا ئے


 لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر چودھری ظفر محموداور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ انڈسٹریل اسٹیٹس کی طرز پر کاٹیج سٹی کے قیام کے لیے کوششیں مزید تیز کرے کیونکہ کاٹیج سٹی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ بھی دیا جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار غلام سرور ملک کی سربراہی میں پچاس سے زائد ایسوسی ایشنز کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کی طرف توجہ دیکر حکومت غربت اور بے روزگاری کے خاتمے سمیت بہت سے معاشی مسائل حل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری کے خاتمے میں کاٹیج انڈسٹری بہت اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ لہذا اس کے موافق ٹیکس پالیسیاں وضع کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کاٹیج انڈسٹری کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ بنگلہ دیش نے کاٹیج انڈسٹری کو سہولیات دیکر معاشی ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لارج سکیل انڈسٹریز کی نسبت شہری اور دیہاتی علاقوں میں کاٹیج انڈسٹری کم وسائل سے زیادہ فروغ پاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کی مدد سے دیہی علاقوں کے لوگوں کو روزگار ملے گا اور اْن علاقوں سے شہری علاقوں کی طرف منتقلی کے رحجان میں بھی کمی آئے گی جس سے شہری آبادی میں تعلیم، ٹرانسپورٹ اور صحت وغیرہ کے مسائل حل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کے وسیع تر مفاد میں کاٹیج انڈسٹری کے وابستہ لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتا رہے گا۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے کاٹیج انڈسٹری کے کنوینر غلام سرور ملک نے اپنے خطاب کے دوران حکومت پر زور دیا کہ وہ صوبے میں کاٹیج سٹی کے قیام کے لیے ایک سو ایکڑ زمین مختص کرے تاکہ کاٹیج انڈسٹری سے وابستہ لوگ ملک کی معاشی ترقی میں موثر کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم دس افراد پر مشتمل اور پچھتر لاکھ سالانہ ٹرن اوور والی صنعتوں کو کاٹیج انڈسٹری قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں کاٹیج انڈسٹری کا حصہ بڑھانے کے لیے حکومت لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مشاورت سے حکمتِ عملی وضح کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں ہرگز کوئی دوسری رائے نہیں کہ کاٹیج انڈسٹری معاشی ترقی کے لیے ایک اہم جزو ہے اور اسی کی مدد سے صنعتی انقلاب رونما کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری ایک طرف تو حکومت کو محاصل ادا کرتی ہے اور دوسری طرف روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کو فوری طور پر صنعت کا درجہ دیا جائے، اس پر عائد پروفیصنل ٹیکس ختم کیا جائے اور ایک ادارہ قائم کیا جائے جو کاٹیج انڈسٹری کے مفادات کا تحفظ کرے۔ انہوں نے کاٹیج انڈسٹری کو بجلی پٹرول گیس ارزاں نرخوں پر فراہم کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن