یو ایم ٹی نے کروڑوں روپے کی سکالر شپس دینے کی روایات کو بر قرار رکھا ،ڈاکٹر آصف رضا
لاہور ( سپیشل رپورٹر) یو نیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی نے جوہر ٹاؤن کیمپس میں ریکٹر میرٹ ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد کیاجس میں بی ایس اور ایم ایس ڈگری پروگرامز کے 393طلباء کو ریکٹر میرٹ ایوارڈ سے نوازاگیا۔تقریب میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف، ڈائریکٹر جنرل یو ایم ٹی عابد شیروانی، کنٹرولر امتحانات حسیب حیدر، سینئر منیجر محمد عثمان،ڈینز، ڈائریکٹرز، طلباء اور انکے والدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے ایوارڈ حاصل کرنیوالے طلباء اور انکے والدین کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور طلباء سے خطاب میں کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر تمام شعبہ جات میں کام کرکے ملک و قوم کی خدمت کریں۔ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹرآصف نے کہا کہ کامیابی یو ایم ٹی کی روایت کا حصہ ہے۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ یو ایم ٹی میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وہ آنے والی عملی زندگی میں کامیاب ہونے کیلئے محنت کریں۔والدین کی تعریف کرتے ہوے ریکٹر یو ایم ٹی کا کہنا تھا کہ بچوں کی اس کامیابی میں انکا بہت اہم کردار ہے۔مہمان خصوصی، ریکٹر یو ایم ٹی اور ڈی جی یو ایم ٹی نے کامیاب طلباء میں ریکٹر میرٹ ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ تقریب کے اختتام پر ریکٹر یو ایم ٹی اور پروفیسر عابد شیروانی نے مہمان خصوصی کاشف انور کو سوینئر بھی پیش کیا۔