• news

لاہور کو سمارٹ سٹی بنائیں گے،وفاق نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی مدد نہیں کی: پرویز الہٰی


لاہور (نیوز رپورٹر‘ سپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کو پاکستان کا پہلا سمارٹ سٹی اور شہر میں عالمی سطح کا کرکٹ سٹیڈیم بنانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی کوئی مدد نہیںکی۔ کھلاڑیوں کو ٹریننگ کیلئے بیرون ملک بھجوائیں گے۔ وہ گزشتہ روز آغا خان فاﺅنڈیشن کلچرل سروسز کے سی ای او‘ امریکی قونصل جنرل سے ملاقاتوں میں گفتگو اور سنٹرل پنجاب انٹر سکول ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں آغا خان فاو¿نڈیشن کلچرل سروسز کے سی ای او خواجہ توصیف احمد نے ملاقات کی۔ آغا خان فاو¿نڈیشن کلچرل سروسز سمارٹ سٹی پراجیکٹ کے لئے معاونت فراہم کرے گی۔ فزیبلٹی رپورٹ طلب کرلی گئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ لاہور کو پاکستان کا پہلا سمارٹ سٹی ہونے کا اعزاز حاصل ہوگا۔ لاہور شہر کی ڈیجیٹلائزیشن پی آئی ٹی بی کی معاونت سے کی جائے گی۔ لاہور شہر میں موبائل ایپ کے ذریعے اربن سروسز مہیا ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قصور میں بابا بلھے شاہ کے مزار کی توسیع اور تزئین و آرائش کی جائے گی اور مسجد وزیر خان کی طرز پر احاطہ مزار بابا بلھے شاہ کو تاریخی حیثیت میں بحال کیاجائے گا۔ چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکانیول (Mr. William K. Makaneole) نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی قونصل جنرل نے پنجاب میں نئے اضلاع بنانے پر وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے اقدام کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ بہت جلد اس ضمن میں معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔ معاہدے سے پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان تجارتی، معاشی، کاروباری تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ سیلاب متاثرین کیلئے امداد پر امریکہ کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی کوئی مدد نہیں کی۔ پنجاب بھر میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔ سرمایہ کاری کیلئے پنجاب سب سے موزوں صوبہ ہے۔ ہم نے بے آباد زمین کو 30سال کے لئے لیز پر دینے کی پالیسی بنائی ہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو یہ اراضی بالکل مفت دی جائے گی۔ سرمایہ کار اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے قذافی سٹیڈیم میں انٹر سکول ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میں ٹیموں نے اچھا کھیل پیش کیا۔ لاہور رنگ روڈ کے ساتھ عالمی سطح کا ایک نیا اور بڑا کرکٹ سٹیڈیم بنایا جائے گا۔ سٹیڈیم کیلئے فنڈز مہیا کر دیئے گئے ہیں۔ ایک سال میں سٹیڈیم مکمل کریں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے سنٹرل پنجاب انٹر سکول ٹورنامنٹ کا فائنل میچ دیکھا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے ساڑھے 7 ارب روپے کا سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انڈوومنٹ فنڈ کھلاڑیوں کی ویلفیئر پر خرچ کریں گے۔ 2 ارب روپے سے سپورٹس کا ریوالونگ فنڈ بھی قائم کیا جائے گا۔ بیرون ملک سے کوچز کو بلا کر کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیں گے اور مقامی کھلاڑیوں کو تربیت کیلئے بیرون ملک بھجوایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد‘ راولپنڈی اور سیالکوٹ میں سپورٹس کے سنٹر آف ایکسیلینس بنائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب

ای پیپر-دی نیشن