سموگ کے باعث لاہور کے اسکولوں میں ہفتے میں 3چھٹیوں کا اعلان،نوٹیفکیشن جاری
لاہور (سپیشل رپورٹر)پنجاب حکومت نے اسموگ کے باعث لاہور کے اسکولز میں ہفتے میں 3 تعطیلات کا حکم جاری کردیا۔محکمہ تعلیم پنجاب نے اس حوالے سے ہفتے میں 3 چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں ضلع لاہور کے تمام سرکاری و نجی اسکولز ہفتے میں تین دن بند رہیں گے۔حکم نامے کے مطابق اسکولز جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے۔ چھٹیوں کا اطلاق ڈسٹرکٹ لاہور کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں پر ہو گا۔اسکولز میں تعطیلات کا یہ فیصلہ تاحکم ثانی جاری رہے گا اور دوبارہ کھلنے کی تاریخ نہیں بتائی گئی ہے۔متعلقہ حکام اور اساتذہ کو اسکولز کی تعطیلات کے دوران طلبہ کو ہوم ورک کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ پڑھائی کا حرج نہ ہو۔دوسری جانب شدید اسموگ اور مسلسل دنیا کے آلودہ شہروں میں سرفہرست ہونے کے باعث لاہور اور دیگر شہروں میں ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔لاہور میں تمام اسکولوں میں ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور مسلسل پہلے نمبر پر موجود ہے، جس کے باعث بچوں اور بڑوں میں نزلے، زکام، چیسٹ انفیکیشن، بخار اور سانس کی بیماریاں تیزی سے پھیلنے لگیں۔