شہباز گل کو سانس لینے میں دشواری‘ ہسپتال منتقل‘ کراچی میں مزید 2 مقدمات درج
کراچی ‘ لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل کو طبیعت ناساز ہونے پر سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ شہبازگل کو سانس لینے میں دشواری اور کھانسی کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا اور ایمرجنسی وارڈ میں ان کا علاج جاری ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے خلاف کراچی میں مزید 2 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق شہباز گل کے خلاف رضویہ سوسائٹی اور سرجانی ٹائون تھانوں میں شہریوں نے مقدمات درج کرائے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق سرجانی ٹائون تھانے میں شہری دانیال رشید نے ایف آئی آر نمبر 1775/22 درج کرائی جبکہ رضویہ تھانے میں مقدمہ الزام نمبر 598/22 درج کرایا گیا۔پولیس حکام نے بتایاکہ شہباز گل کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرونک کرائم ایکٹ 2016 سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔