• news

توہین عدالت کیس: اسد عمر نے غیر مشروط معافی مانگ لی: ہائیکورٹ نے معاملہ نمٹا دیا


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس جواد حسن کی عدالت میں اسد عمر نے توہین عدالت نوٹس کیس میںغیر مشروط معافی مانگ لی اور کہا کہ میرا مقصد عدلیہ یا کسی جج کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔ جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دئیے کہ عدالتوں نے آپ کو لانگ مارچ کی اجازت دی اور آپ نے عدالتوں پر ہی الزامات لگائے۔ اسد عمر نے غیر مشروط معافی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ اگر میری تقریر سے کوئی لائن کراس ہوئی ہے تو میں عدالت عالیہ سے معافی مانگتا ہوں، میری تقریر میں کسی جج کا نام نہیں تھا۔ جناب جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دئیے کہ مسئلہ توہین عدالت کا نہیں اداروں اور ان کی شخصیات پر الزامات لگانے کا ہے۔ عدالت کے پاس آپ کا ویڈیو بیان موجود ہے آپ کو معلوم ہے آپ نے تقریر میں کیا کہا اجازت دیتے ہیں لیکن اداروں پر تنقید نہیں، جس کے بعد عدالت عالیہ نے اسد عمر کو جاری توہین عدالت نوٹس کا کیس نمٹا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن