ڈالر‘ سونا مہنگا‘ سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 279 پوائنٹس بڑھ گیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ5 پیسے اضافے کیساتھ 224 روپے 16 پیسے رہا۔ گزشتہ روز ڈالر 224.11 پیسے پر بند ہوا تھا۔ دوسری طرف سونے کی فی تولہ قیمت 250 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 64 ہزار 150 روپے ہوگئی۔ 10 گرام سونے کی قیمت 215 روپے اضافے سے ایک لاکھ 40 ہزار 732 روپے ہوگئی ہے۔ عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ ایک ڈالر کم ہوکر 1774 ڈالر فی اونس ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 279 پوائنٹس اضافے سے 41819 پر بند ہوا۔ کاروباری دن میں 100 انڈیکس 355 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ بازار میں آج 22 کروڑ شیئرز کے سودے 5.86 ارب روپے میں طے ہوئے۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 27 ارب روپے بڑھ کر 6658 ارب روپے رہی۔