• news

بھارت کا پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم  کو ویزوں کے اجراء سے انکار 


بھارت نے پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے جس کے باعث پاکستان بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم ہوگیا ہے۔ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں نہیں ہو رہیں اس لیے ویزے جاری نہیں کر سکتے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی مضبوط امیدوار تھی، کونسل نے بھارتی حکومت کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ کھیل میں سیاست کرنے پر بھارت کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ بھارت میں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز ہو چکا ہے جس میں پاکستان کو اپنا پہلا میچ 7 دسمبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنا تھا جبکہ روایتی حریف بھارت کے خلاف آج 8 دسمبر کو بڑا ٹاکرا ہونا تھا لیکن پاکستانی کرکٹ ٹیم کی گزشتہ شاندار کارکردگی سے خوف زدہ ہو کر بھارتی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا۔ بھارت کا یہ رویہ پاکستان دشمنی کا عکاس ہے۔ پاکستان کے خلاف وہ سیاسی اور سفارتی محاذ پر بھی ہمیشہ سرگرم عمل رہتا ہے اور اب اس کا معاندانہ طرزِ عمل کھیلوں کے میدان میں بھی در آیا ہے۔ کھیلوں کے فروغ کے لیے سرگرم تنظیموں اور قیامِ امن کے لیے ذمہ دار بین الاقوامی اداروں کو اس بات کا نوٹس لینا چاہیے کہ بھارت کھیلوں کو بھی سیاست زدہ کر کے بین الاقوامی معاملات میں بگاڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارتی حکومت کے ان اقدامات کی عالمی سطح پر حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے اور اسے پابند کیا جانا چاہیے کہ ایسے اقدامات سے گریز کرے جو خطے میں تنائو کا ماحول پیدا کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن