پنجاب حکومت کی صنفی مساوات کی رپورٹ 2021 کا اجرا
لاہور ( نیوز رپورٹر) پنجاب حکومت نے صنفی مساوات کی رپورٹ 2021 کا اجرا کر دیا ہے۔ یہ رپورٹ محکمہ ترقی خواتین اور پنجاب کمیشن آن ویمن سٹیٹس نے مشترکہ طور پر تیار کی۔ اس ضمن میں منعقد ہونےوالی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ تھے۔ سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ سمیرا صمد، سیکرٹری کمیشن آن ویمن سٹیٹس نادا اظہر، اقوام متحدہ کے پروگرام (یو این ایف پی اے) کی نائب نمائندہ برائے پاکستان مس لاٹیکا پردھان اور دیگر متعلقہ افسروں نے بھی کی شرکت کی۔صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ نے پنجاب جینڈر پیریٹی رپورٹ (پی جی پی آر)کے اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس دستاویز کی تیاری جتنی اہم تھی اس سے زیادہ اہم اس کا عملی نفاذ ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کا تعاون خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کے ویڑن اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کی زیر قیادت صوبے کی سطح پر صنفی مساوات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنفی مساوات کے بغیر معاشرے میں توازن نہیں آ سکتا۔ حکومت کے ساتھ سول سوسائٹی کو گھریلو سطح پر تشدد کے خاتمے اور خواتین اور ٹرانس جینڈر کو کام کرنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے تعاون کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ایسی اہم رپورٹ پر بحث لازمی ہونی چاہیے۔ مجھے افسوس ہے کہ گزشتہ صنفی مساوات رپورٹوں پر زیادہ بحث نہیں کی گئی تاہم انشا اللہ اب ایوان میں اس رپورٹ پر مفصل بحث یقینی بناو¿ں گا۔ اس موقع پر سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ سمیرا صمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنفی مساوات رپورٹ کا ڈیٹا جمع کرنا آسان کام نہیں تھا تاہم اس مشکل ٹاسک کو نہایت محنت سے مکمل کیا گیا ہے۔