ملتان ٹیسٹ کل سے شروع پاکستان انگلینڈ ٹیموں کی پریکٹس
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ کل سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ مہمان انگلش ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔ دونوں ٹیمیں صبح دس بجے مد مقابل ہونگی۔ دونوں ٹیموں نے کوچز کی زیر نگرانی بائولنگ ‘بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی ۔ ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ کھلاڑیوں کو پریکٹس سیشن کیلئے سخت سکیورٹی کیلئے سٹیڈیم لایا اور واپس لے جایاگیا۔ روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں کی چھتوں پر بھی سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے تھے ۔ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے ملتان سٹیڈیم میں چیف کیوریٹر ریاض احمد اور گراؤنڈ سٹاف کے ساتھ ملاقاتیں کی تھیں، اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک ندیم خان بھی موجود تھے،جن کی نگرانی میں گراؤنڈ سٹاف پِچ کی تیاریوں میں مصروف رہا‘ملاقاتوں کے دوران پچ کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ملتان میں تیز دھوپ نہ ہونے کی وجہ سے پِچ کو کھولا رکھا گیا،تیز دھوپ پِچ کی تیاری میں بڑی مدد گار ثابت ہوتی ہے کیونکہ دھوپ کی وجہ سے پِچ سوکھتی ہے اور ٹوٹتی بھی ہے۔ملتان میں دھند کا دورانیہ بڑھتا چلا جارہا ہے جس کی وجہ سے ٹیسٹ متاثر ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے ، دھند پہلے 8 بجے کے بعد کم ہونا شروع ہوجاتی تھی لیکن گزشتہ روز دھند صبح 10 بجے تک برار رہی اور اس کے بعد کم ہونا شروع ہوئی اگر یہ سلسلہ برقرار رہا تو ملتان ٹیسٹ کا پہلا اور آخری سیشن دھند سے متاثر ہوسکتا ہے۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کی پچ پر کافی تنقید کے بعد دوسرے ٹیسٹ کیلئے وکٹ کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔گراؤنڈ سٹاف کا کہنا ہے پوری کوشش کریں گے کہ ایسی وکٹ بنائیں جو عوام کی میچ میں دلچسپی برقرار رکھے۔