• news

قونصلیٹ کے زیر اہتمام چینی ثقافتی ورثہ کی نمائش الحمرا آرٹس کونسل میں جاری 


لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) چینی قونصلیٹ لاہور کے زیراہتمام چین کے غیر محسوس ثقافتی ورثے کی دو روزہ نمائش آرٹ گیلری، الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں جاری ہے۔ نمائش کا موضوع ’’چینی ثقافت اور روایتی دستکاری‘‘ ہے جس کا مقصد چین پاکستان ثقافتی تعلقات کے فروغ اور اسے مزید بہتر بنانے کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ افتتاحی تقریب میں سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری، چیئرمین آرٹس کونسل لاہور رضی احمد سمیت اہم کاروباری، سماجی اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔ قونصل جنرل لاہور مسٹر ژائو شیریں نے افتتاحی تقریب میں شرکاء کو خوش آمدید کیا اور کہا کہ ثقافتیں متنوع ہیں اور تہذیبیں مختلف ہیں، لیکن وہ فطرتاً تنازعات کے لئے ہیں اور نہ ہی تصادم کے لئے ہیں۔ ثقافتوں اور تہذیبوں کا حتمی مقصد بات چیت، رواداری، پرامن بقائے باہمی، ہم آہنگی اور مشترکہ ترقی ہے۔ لاہور کو ’’پاکستان کا دل اور روح‘‘ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ ژائو شیریں نے کہا جب سے انہوں نے مئی میں عہدہ سنبھالا ہے، بہت سے تاریخی مقامات جیسے کہ لاہور قلعہ، بادشاہی مسجد، شالیمار گارڈن اور لاہور میوزیم کا دورہ کیا۔ نصف ماہ قبل اسی مقام پر چینی سفارت کاروں کو انٹرنیشنل اسلامک آرٹ فیسٹیول 2022ء میں شرکت کے لئے مدعو بھی کیا۔ ان تقریبات نے ہمیں پاکستانی ثقافت کی دولت اور تنوع کو مزید سراہنے کے قابل بنایا اور چینی نمائش کے ذریعے ہم مقامی لوگوں کو چینی ثقافت کو سراہنے میں سہولت فراہم کرنے، ثقافتی تعامل اور لوگوں کے درمیان تبادلے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک دوسرے سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ ہزاروں سال بعد آج چین اور پاکستان ہر موسم کے سٹرٹیجک شراکت دار بن گئے ہیں جو ایک گہری جڑی ہوئی تاریخ اور آئرن دوستی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے نفاذ اور خاص طور پر سی پیک کی تعمیر کے ساتھ، دونوں ممالک ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں اور آگے بڑھ رہے ہیں، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون میں نتیجہ خیز نتائج حاصل کیے ہیں، ثقافتی تبادلوں کو مضبوط کرنے کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو فروغ دیا ہے۔ اگلے سال کو ’’چین پاکستان سیاحت اور تبادلے کا سال‘‘ منایا جائے گا اور چین بیجنگ میں گندھارا آرٹ نمائش کی میزبانی کرے گا۔ انہوں نے الحمرا آرٹس کونسل اور پاکستان (چائنا) شانڈونگ چیمبر آف کامرس سمیت پنجاب حکومت کے متعلقہ محکموں کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ خورشید محمود قصوری نے چین میں گزرے لمحات، اپنے تجربات اور خوشگوار واقعات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں کلچرل نمائشوں کا انعقاد بہترین کاوش ہے جس پر قونصل جنرل مبارکبار کے مستحق ہیں۔ نمائش کا آج آخری روز ہے۔ نمائش صبح 9سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی جس میں عام شہریوں کا داخلہ فری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن