گارڈن ٹاؤن لاہور میں ٹرانس جینڈر سکول کا افتتاح
لاہور (سپیشل رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں ٹرانسجینڈر سکول کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد راس کا کہنا تھا کہ لاہور میں پہلے ٹرانسجینڈر سکول کا آغاز گورنمنٹ گرلز ہائی سکول برکت مارکیٹ گارڈن ٹاؤن لاہور سے کیا جا رہا ہے۔ پنجاب میں پہلے ٹرانسجینڈر سکول کا آغاز گزشتہ سال ملتان سے کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹرانسجینڈر طبقہ پاکستان میں ہمیشہ سے مشکلات اور پریشانیوں کا شکار رہا ہے۔ مراد راس نے بتایا کہ ٹرانسجینڈر سکولوں میں اساتذہ بھی اسی طبقے سے تعلق رکھنے والے ہوں گے۔ اب تک لاہور میں بنائے جانے والے ٹرانسجینڈر سکول میں 36 ٹرانسجینڈر داخلہ لے چکے ہیں۔ لاہور میں قائم کردہ ٹرانسجینڈر سکول میں دو اساتذہ جبکہ ٹرانسجینڈر طبقے سے تعلق رکھنے والے دو کنسلٹنٹس بھی رکھے گئے ہیں۔ وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب مراد راس نے بتایا کہ ٹرانسجینڈر سکول میں زیر تعلیم طلبا کو پہلی سے بارہویں جماعت تک تعلیم دی جائے گی۔ لاہور میں زیر تعلیم ٹرانسجینڈرز کو کھانہ پکانا، سلائی، اور میک اپ کورسز کے ذریعے فنی تربیت بھی دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹرانسجینڈر طبقے کے زیرِ تعلیم طلبا کو کتابیں، یونیفارم، سکول بیگ اور پک اینڈ ڈراپ کی سہولیات بھی محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے مفت فراہم کی جائیں گی۔ مراد راس نے یہ بھی بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مزید ٹرانسجینڈر سکول بھی کھولے جائیں گے۔