ساہیوال‘ نامعلوم افراد نے ماں بیٹے کو گلا دبا کر قتل کر دیا
ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت) عنایت الٰہی کالونی میں قتل کی واردات میں نامعلوم ملزمان نے ماں بیٹے کو گلاد باکر قتل کر دیا۔ عنایت الٰہی کالونی میں36سالہ خاتون نسرین بی بی اپنے 13سالہ بیٹے سلمان کے ہمراہ رات کے وقت موجود تھی کہ نامعلوم ملزمان نے دونوںکو گلا دبا کر قتل کر دیا۔ وقوعہ کا علم صبح کے وقت ہوا۔ ڈی ایس پی سٹی اور تھانہ غلہ منڈی پولیس موقع پر پہنچی اور نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق دوہرے قتل کا وقوعہ کسی ذاتی رنجش کا شاخسانہ لگتا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے عنایت الٰہی کالونی ساہیوال میں ماں بیٹے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔