2022ء میں پاکستانیوں نے زیادہ تر سیاستدانوں‘ کھلاڑیوں کو تلاش کیا: گوگل
اسلام آباد (نامہ نگار) گوگل نے 2022ء کے لیے پاکستان میں مقبول ترین تلاش کا اعلان کر دیا ہے۔ ان سرچز سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سال بھر کے دوران پاکستانیوں کی دلچسپیوں میں سیاست، مشہور شخصیات، سرکاری اقدامات، اہم تقریبات، تفریح، ٹیکنالوجی اور خوراک کو مرکزیت حاصل رہی۔ ٹی 20 کا عالمی کپ، ایشیا کپ اور پی ایس ایل 7 سمیت کرکٹ کے حوالے سے تلاش کے رجحان میں تیزی رہی۔ ملک کے مالی نظام کا عدم تحفظ، سیلاب اور مہنگائی، سرکاری مہم جوئی اور احساس (Ehsaas) پروگرام سکیموں کی تلاش نے بھی لوگوں کو مشغول رکھا۔ علاوہ ازیں، ملکہ ایلزبتھ دوم، عامر لیاقت حسین اور صحافی ارشد شریف نے بھی اس فہرست میں جگہ بنائی۔ فلموں میں ’’لندن نہیں جاؤں گا‘‘ اور ’’قائداعظم زندہ باد‘‘ جیسی فلمیں نمایاں رہیں۔ پاکستانیوں نے زیادہ تر سیاست دانوں اور کھلاڑیوں کو تلاش کیا۔ نسیم شاہ اس زمرے میں سرفہرست رہے۔ اس کے علاوہ، ملک کی سیاسی صورت حال کے سبب، لوگوں نے وزیر اعظم پاکستان، شہباز شریف کو بھی تلاش کیا۔ پاکستانیوں نے سمارٹ فونز کے مختلف برانڈز بھی سرگرمی سے تلاش کیے۔ مختلف اقسام کے کھانوں کے علاوہ پکانے کی نت نئی ترکیبیں تلاش کرنے کے لیے بھی گوگل کا رخ کیا گیا۔ اس کے علاوہ 2022ء میں پاکستانیوں نے مری کے اندوہناک واقعہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں خبروں‘ روس-یوکرائن تنازع سمیت دنیا بھر میں ہونے والے مختلف واقعات میں بھی دلچسپی لی۔