وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے عالمی مالیاتی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت:بلاول
اسلام آباد (اے پی پی+ خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوری نظام اور روایات کے تسلسل سے ہی پائیدار ترقی ممکن ہے، ہمیں مالی وسائل کی بہتر اور منصفانہ تقسیم کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار انڈونیشیا کے دورے کے موقع پر 15 ویں بالی جمہوری فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ایک آزاد معاشرے کی بنیاد ہے، پاکستان ہمیشہ سے عوام پر مبنی جمہوریت کے لیے کوشاں رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے افغان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ خواتین کو حقوق کی فراہمی یقینی بنائے۔ افغان خواتین کی تعلیم کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس میں شرکت پر خوشی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انڈونیشیا کے دورے کے موقع پر بالی میں بوسنیا ہرزیگوینا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر بسیرا ترکوویک سے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی وسعت کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بالی میں انڈونیشیا کی وزیر خارجہ رتنو مرسودی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے قیام کے بارے میں مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے۔
بلاول