• news

آزادکشمیر بلدیاتی الیکشن:تیسرا مرحلہ پی ٹی آئی جیت گئی،آزاد دوسرے ،ن لیگ تیسرے نمبر پر


میر پور( نوئے وقت رپورٹ) آزادکشمیر کے میرپور ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی89سیٹوں کے ساتھ سب سے آگے، آزاد امیدوار 58 سیٹوں کے ساتھ دوسرے، (ن) لیگ 40 نشستیں جیت کر تیسرے نمبر پر رہی،  پیپلز پارٹی نے 33 سیٹیں جیتیں ، مسلم کانفرنس اور تحریک لبیک نے دو دو سیٹیں حاصل کیں۔ پی ٹی آئی نے ضلع کونسل کی 17سیٹیں جیتیں۔آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلہ میں میونسپل کارپوریشن میں 27سیٹیں تحریک انصاف ، 16آزاد ، 15ن لیگ جبکہ پی پی پی نے2 سیٹ جیتیں،یونین کونسل میں آزاد 26‘ پی ٹی آئی38‘ پی پی 21 ، (ن) لیگ15 سیٹوں پرکامیاب‘ 224رزلٹ آگئے‘ لڑائی جھگڑے‘ 3 افراد کوگرفتار کرلیا گیا۔  آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے سلسلے میں میرپور ڈویژن میں پولنگ جاری ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ میرپور آزاد کشمیر میں چیچیاں وارڈ نمبر 3 کے پولنگ سٹیشن نمبر 52 پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے کارکنان لڑ پڑے۔ جھگڑے کے دوران کارکنوں نے لاتوں اور گھونسوں سے ایک دوسرے پر حملہ کیا۔ اس سے قبل بھمبر میں وارڈ نمبر 3 میں پولنگ سٹیشن 159 اور 160 پر کشیدگی کے بعد پولیس پہنچ گئی تھی۔ پولیس کے مطابق موقع سے خلاف ورزی اور تلخ کلامی پر 3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ غیرمتعلقہ افراد کے پولنگ سٹیشن میں داخلے پر پابندی ہے۔ میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔  آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پی ٹی آئی نے میرپور میونسپل کارپوریشن میں سادہ اکثریت حاصل کر لی۔غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق متعدد میونسپل کمیٹیوں میں مسلم لیگ ن بھی کامیاب ہوئی۔پی ٹی آئی نے میرپور میونسپلٹی کی 46 میں سے 23 نشستیں جیت لیں، مسلم لیگ ن نے 12 نشستیں جیتیں۔کوٹلی میونسپل کارپوریشن میں آزاد امیدواروں کو سبقت حاصل ہے، 14 میں سے 6 نشستیں جیتیں، پی ٹی آئی 4 نشستیں جیت سکی۔چک سواری کی میونسپل کمیٹی میں پیپلز پارٹی کو واضح فتح حاصل ہوئی اور 11 میں سے 6 نشستیں جیت لیں۔ میونسپل کمیٹی برنالہ میں مسلم لیگ ن حکومت بنائے گی، میونسپل کمیٹی بھمبر میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کا مقابلہ 4، 4 سے برابر ہے۔چڑھوئی میں مسلم لیگ ن اور ڈڈیال میں آزاد امیدوار آگے ہیں، اسلام گڑھ میں آزاد امیدواروں کو واضح برتری حاصل ہے، سہنسہ میں پی ٹی آئی اور سکندرآباد میں مسلم لیگ ن کامیاب ہوئی، جبکہ کھوئی رٹہ میں بھی مسلم لیگ ن کامیاب ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن