• news

عالمی سازش،معیشت بہتر ہونے کی بجائے دلدل میں دھنسی جارہی ہے:فضل الرحمن


کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف عالمی سازش ہو رہی ہے، معیشت بہتر ہونے کی بجائے دلدل میں دھنسی جا رہی ہے۔ کوئٹہ میں جمعیت علماءاسلام (ف) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت ہماری صفوں میں دراڑ پیدا نہیں کرسکتی، بلوچستان کا مستقبل اب جمعیت علماءاسلام سے وابستہ ہے، عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو چور چورکہنا کیا اتنا ہی آپ کا منشور ہے جبکہ خود گھڑی چور ہو، زیادہ باتیں مت کرو ورنہ ہم بھی منہ میں زبان رکھتے ہیں، شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ مارا کرو۔ ریاست مدینہ کے نام پر عوام سے دھوکہ کیا گیا، 2018ءمیں اقتدار اسرائیل کو تسلیم کرانے کےلئے حاصل کیا گیا، گزشتہ حکومت میں چین کے میگا پراجیکٹ کو تباہ کیا گیا۔ دھرنوں کی وجہ سے چین کے صدر اور سعودی شہزادے کا دورہ پاکستان منسوخ کرنا پڑا، سازشوں کے باعث آج ہمیں عالمی سطح پر دوستیاں اور اعتماد بحال کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوتیں پاکستان کے خلاف سازشیں کرکے ملک میں سیاسی اضطراب پیدا کررہی ہیں جس سے پارلیمنٹ اور ادارے کمزور ہو رہے ہیں، گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں معیشت کی عمارت کو زمین بوس کیا گیا، حیران ہوں ہم 6 سے7 ماہ حکومت میں ہیں، مزید دلدل کی طرف دھنستے جارہے ہیں، پاکستان کا روپیہ ڈالر کے مقابلے میں کیوں قدر کھو بیٹھا۔ دنیا میں اسلام کے علاوہ اور کوئی نظام نہیں ہے۔ قومی وحدت کےلئے جے یو آئی کا پرچم لہراتا رہے گا۔
 فضل الرحمن 

ای پیپر-دی نیشن