• news

پی ڈی ایم 8 ماہ سے اقتدار میں‘ مسائل بڑھ گئے: سراج الحق


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی 14جماعتیں آٹھ ماہ سے اقتدار میں ہیں، مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا۔ پی ٹی آئی کی سابق وفاقی حکومت اور موجودہ حکمران اتحاد نے بلوچستان سے دھوکا کیا، صوبہ مسائل کی دلدل میں دھنس چکا ہے، نوجوان حکمرانوں سے مایوس ہیں۔ مسنگ پرسن کا مسئلہ حل ہوا نہ سیلاب متاثرین کی سنی گئی۔ بلوچستان کو گریٹرگیم کا حصہ نہ بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے قبائلی رہنما سردار سیف اللہ ترین کو سیکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت پر مبارک باد دی اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ ہم سب مل کر ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد میں مزید تیزی لائیں گے۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی، نائب امرا صوبہ ڈاکٹر عطاء الرحمان، مولانا عبدالکبیر شاکر، امیر ضلع پشین ظہور احمد کاکڑ اور زمیندار ایکشن کمیٹی سید حیات اللہ آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، غربت، جہالت اور بدامنی کے ذمہ دار حکمران اشرافیہ ہے جو جاگیرداروں، وڈیروں، ظالم سرمایہ داروں اور مافیاز کی شکل میں وسائل پر قابض ہیں۔ مسائل کا حل اسلامی انقلاب ہے۔  ملک کے 22کروڑ عوام ان حکمرانوں کی وجہ سے غربت، مہنگائی اور مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ بلوچستان کے عوام اپنے حقوق کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کا حصہ بنیں۔ صوبے کے نوجوانوں کو خصوصی طور پر دعوت دیتا ہوں کہ جاگیرداروں اور وڈیروں کی پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر جدوجہد کا آغاز کریں۔

ای پیپر-دی نیشن