غیر ملکی ڈاکوؤں کا گینگ گرفتار، 3 بھائی شامل، ڈیڑھ ماہ قبل لاہور آئے
لاہور (نامہ نگار) پولیس نے غیرملکی ڈاکوؤں کا چار رکنی گینگ پکڑ لیا ہے۔ گینگ بنکوں اور مالیاتی اداروں سے نکلنے والے شہریوں کو نوسر بازی، گن پوائنٹ پر لوٹ لیتے تھے۔ ملزموں نے ایک کروڑ سے زائد کرنسی لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔ گرفتار ہونے والے ڈاکوؤں کا تعلق افغانستان سے ہے جس میں تین سگے بھائی جبکہ چوتھا ان کا کزن اور سرغنہ ہے۔ ملزمان کا کہنا ہے کہ وہ ڈیڑھ ماہ قبل افغانستان سے کوئٹہ اور پھر لاہور آئے، واردات کرتے ہی باجوڑ ایجنسی بھاگ جاتے تھے، وہاں سے رقم افغانستان میں اپنے اہل خانہ کو بھجواتے اور واپس لاہور آ جاتے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ کسی بنک کے باہر کھڑے ہوتے، جیسے ہی کوئی شخص رقم لے کر گاڑی میں بیٹھتا، یہ چھپ کر اس کی گاڑی کے ٹائر کو چاقو سے کٹ لگاتے، گاڑی کچھ دور جاکر ر ک جاتی تو یہ اسے لوٹ کر فرار ہو جاتے تھے۔