فلسطین کی حمایت کرتے رہیں گے،چینی صدر:بیجنگ کی ترقی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں،شہزادہ محمد
ریاض (ممتاز احمد بڈانی +نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں چین‘ خلیجی ممالک کا مشترکہ سربراہی اجلاس ہوا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کی کامیاب ترقی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ چینی صدر کے ساتھ خلیج چین فری زون کے قیام پر بات کی ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے خطاب میں کہا کہ چین خلیجی سربراہی اجلاس کی میزبانی پر سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔ خلیجی ممالک کے ساتھ مل کر اقتصادی‘ صنعتی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔ چین دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ تیل کی زیادہ تر ضروریات خلیجی ممالک سے حاصل کرتا رہے گا۔ ان کی سلامتی، استحکام کی حمایت بھی جاری رکھیں گے۔ دریں اثنا چین کے صدر شی جن پنگ نے دورہ سعودی عرب کے دوران اپنے فلسطینی ہم منصب محمود عباس سے بھی اہم ملاقات کی اور اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میں سیاحتی تعاون کا معاہدہ ہوا۔ اسی طرح معیشت‘ تجارت اور تکنیکی تعاون سمیت آزاد تجارتی معاہدے کیلئے مذاکرات کے دو سیشن ہوئے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کی ہمیشہ حمایت کی ہے اور خطے میں عالمی یا علاقائی صورتحال میں جو تبدیلی بھی رونما ہو‘ اس سے قطع نظر فلسطین کی حمایت جاری رکھیںگے۔ فلسطین کے صدر محمود عباس نے چینی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین ہمارا پرخلوص اور قابل اعتماد دوست ہے اور اس نے ہمیشہ سیاسی‘ معاشی‘ اخلاقی اور دیگر محاذوں پر فلسطین کی غیر مشروط حمایت کی ہے۔ چینی صدر کو قصر شاہی میں جامعہ شاہ سعود کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی گئی۔ صدر شی جن پنگ اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی جس میں قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر شی نے ورلڈ کپ کی مکمل کامیابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قطر کی جانب سے کھیلوں کا کامیاب انعقاد اس کی قابلیت کا ثبوت ہے جس نے آج کی غیر یقینی دنیا کو تازہ اور مثبت توانائی فراہم کی ہے۔ شیخ تمیم نے ورلڈ کپ کے لئے صدر شی کا نیک خواہشات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کو عرب دنیا کی صلاحیتوں اور جذبے کے بارے میں جاننے کیلئے گیمز کی ضرورت ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی جس میں دونوں فریقین نے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو مزید گہرا کرنے کا عزم دہرایا۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے چین اور مصر مشترکہ سوچ اور مفادات کے حامل ہیں۔ چینی صدر شی جن پنگ نے کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ریاض میں ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں شی نے یہ بات واضح کی ہے کہ چین کویت کی قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے ون چائنہ اصول پر عمل درآمد اور ہانگ کانگ تائیوان اور سنکیانگ سمیت چین کے بنیادی مفادات سے متعلق معاملات پر چین کی حمایت کرنے پر کویت کی تعریف کی۔
محمد بن سلمان، چینی صدر