فیصل آباد: تمام صنعتوں کو 10 سال کیلئے کسٹم ڈیوٹی کی چھوٹ
اسلام آباد(آئی این پی ) علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آبادمیں سی پیک کے تحت ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، پینٹس، سٹیل، کیمیکل، آٹوموبائل اور موٹرسائیکل مینوفیکچرنگ سمیت تمام صنعتوں کو 10 سال کیلئے کسٹم ڈیوٹی کی چھوٹ فراہم کی جارہی ہے۔ لاکھوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ 25 چینی کمپنیوں نے اپنے کارخانے لگائے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق چند سال پہلے تک پاکستان دنیا کے مختلف حصوں سے سیرامکس کی ٹائلیں درآمد کرنے کیلئے تقریبا 2 ارب ڈالر خرچ کر رہا ہے۔ چینی کمپنیوں کے تعاون سے فیصل آباد کے خصوصی اقتصادی زون میں بہترین معیار کی سیرامکس ٹائلیں سستے انداز میں تیار کی جا رہی ہیںجس سے ان کی درآمدات میں کافی حد تک کمی آئی ہے۔میاں کاشف اشفاق، فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے سابق چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آبادمیں سی پیک کے تحت قائم کردہ خصوصی اقتصادی زون کے قیام کامقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے جہاںچینی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے بہترین سہولیات اور مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد M-3 انڈسٹریل سٹی، ویلیو ایڈیشن سٹی اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی پاکستان کے بڑے اسپیشل اکنامک زونز ہیں جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے بہترین دستیاب سہولیات اور انفراسٹرکچر پیش کرتے ہیں۔کاشف اشفاق نے کہا کہ لاکھوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ تقریبا 25 چینی کمپنیوں نے اپنے کارخانے لگائے اور علامہ اقبال انڈسٹریل زون میں کام شروع کیا جس سے ہزاروں ملازمتیں پیدا ہوئیں اور سیرامکس کے کاروبار کو فروغ ملا۔انہوں نے کہا کہ چین کے علاوہ جرمنی اور ہالینڈ کی کمپنیوں نے بھی اس ترجیحی زون میں یونٹس کے قیام میں گہری دلچسپی لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، پینٹس، اسٹیل، کیمیکل، آٹوموبائل اور موٹرسائیکل مینوفیکچرنگ سمیت تمام صنعتوں کو 10 سال کے لیے کسٹم ڈیوٹی کی چھوٹ فراہم کی جارہی ہے۔ملک کے تعمیراتی شعبے میں سیرامکس کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ کی صلاحیت کا حوالہ دیتے ہوئے سابق چیئرمین نے کہا کہ چینی فرموں کے تعاون سے پاکستان میں سیرامکس کے مینوفیکچرنگ یونٹس کے قیام کے بعد اعلی معیار کے سیرامکس کی درآمدات میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔سپیشل اکنامک زونز اتھارٹی، پنجاب کے چیئرمین ایس ایم نوید نے ویلتھ پاک کو بتایاکہ اسپیشل اکنامک زونزچینی کمپنیوں کی قیادت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل، لیدر، فارماسیوٹیکل، سیرامکس اور سرجیکل مصنوعات دنیا میں بہترین ہیں۔آل پاکستان سیرامک ٹائلز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ مقامی طور پر تیار کی جانے والی سیرامک ٹائلیں سستی اور اچھے معیار کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں چینی سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے سبسڈی پر بجلی اور گیس کی فراہمی جیسی مراعات فراہم کرنے اور ان خصوصی زونوں کو پانی اور خام مال کی ہموار فراہمی کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی تیز رفتار ترقی سے پاکستان سیرامکس برآمد کر کے زرمبادلہ کمانے کے قابل بھی ہو سکتا ہے۔حکومت ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے اسپیشل اکنامک زونزمیں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ چین کی جانب سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ برآمدات پر مبنی شعبوں کی پیداوار کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیاں سیرامکس، ٹیکسٹائل، گلاس ورک انرجی اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران فیصل آباد کے زون میں چینی فرموں کے تعاون سے نو سیرامکس یونٹس قائم کیے گئے ہیں۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے جس کا رقبہ 3217 ایکڑ ہے۔فیڈمک کے ترجمان نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں زمین کی قیمت 10.40 ملین روپے فی ایکڑ تھی، صنعت کاروں کو صرف 15 فیصد ڈاون پیمنٹ کے ساتھ زمین کا قبضہ مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بقیہ سہ ماہی اقساط میں ادا کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یانگیائو کمپنی نے سٹیل کی صنعت میں 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، جبکہ وینزا یانہوئی انڈسٹریل کمپنی لمیٹڈ اور برادر سیرامک نے سیرامکس کے شعبے میں 70 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔