پاک کشمیر لائرز فورم لاہور بار انتخابات کیلئے امیدواروں کا اعلان کر دیا
لاہور(نیوز رپورٹر )پاک کشمیر لائرز فورم کی طرف سے لاہور بار ایسوسی ایشن انتخابات کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔ اس حوالے سے ایک بڑی تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں سپریم کورٹ بار، ہائی کورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے مرکزی عہدیداران کی موجودگی میں متفقہ طور پرامیدوارصدر لاہور بارمنیر حسین بھٹی ، سیکرٹری کیلئے عمر وقاص وڑائچ،نائب صدر کینٹ فرخ خان اور نائب صدر ماڈل ٹاؤن اور برائے لائبریری سیکرٹری کیلئے ہادی حسین بھٹی کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔پاک کشمیر لائرز فورم کے تحت ہونے والی تقریب میںسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر محمد احسن بھون، معروف سیاسی و سماجی رہنماحافظ طلحہ سعید، ممبر ایگزیکٹوسپریم کورٹ بار محمد محسن ورک،سابق صدر ہائی کورٹ بار چوہدری طاہر نصراللہ وڑائچ،ممبران پنجاب بار کونسل عرفان حیات باجوہ،احمد یار چاولی،عرفان صادق تارڑ سمیت سینکڑوں وکلاء نے شرکت کی۔ تقریب میں پاک کشمیر لائرز فورم کی طرف سے جدوجہد آزادی کشمیر کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی جس میں اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت سرکار پر دباؤ بڑھائے کہ وہ یواین کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے اور انسانی حقوق کی پامالیوں سے باز رہے۔