رائیونڈ:صاف پانی کی عدم فراہمی ،کروڑوں روپے کی ریکوری التواء کا شکار
رائے ونڈ(نمائندہ نوائے وقت) میٹروپولیٹن کارپوریشن کی نااہلی اور غفلت کے باعث کئی سالوں سے رائے ونڈ کے شہری گندا اور بدبودا ر پانی پینے پر مجبور ہیں۔ واٹر سپلائی لائنوں کی بروقت مرمت نہ ہونے سے متعدد مقامات پر گٹروں اور سیوریج کی آمیزش والا پانی پینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہزاروں صارفین نے صاف پانی کی عدم فراہمی پر ماہانہ بل کئی سالوں سے روک رکھے ہیں جس سے مقامی سی او یونٹ عملہ کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سی او یونٹ کے زیر انتظام چلنے والے 16ٹیوب ویل میں سے 3ٹیوب ویل طویل عرصے سے خراب ہیں جس سے پانی کی فراہمی بھی تعطل کا شکار ہے دوسری جانب مقامی انتظامیہ نے واٹر سپلائی کو 8سیکٹر ز میں تقسیم کررکھا ہے ۔ 2 کروڑ روپے سے زائد رقوم کی ریکوری میں سب سے بڑی رکاوٹ صاف پانی کی عدم فراہمی ہے جس پر مقامی عملہ اور صارفین بارہا مرتبہ احتجاج کرچکے ہیں لیکن چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن کی عدم توجہ اور غفلت کے باعث جہاں سرکاری آمدن متاثر ہو رہی ہے وہاں صارفین کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔