ابرار احمد پہلی اننگز میں 7وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بائولر
لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ بریک سپنر ابرار احمد نے منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو پر پاکستان کیلئے کھیلتے ہوئے ابرار احمد نے لنچ سے قبل 5 وکٹیں لیکر 13ویں پاکستانی بائولر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کیخلاف ڈیبیو میچ میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی بائولر بھی بن گئے ہیں، سپنر نے 22 اوورز میں 114 دیکر ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلش ٹیم کے 5 کھلاڑیوں زاک کرولی ، بین ڈکٹ، اولی پوپ ، جو روٹ ، ہیری بروک بین سٹوکس، ول جیکس کو آئوٹ کیا۔ ابرار احمد سے قبل جن 12 کھلاڑیوں نے ڈیبیو ٹیسٹ میں پانچ وکٹیں لیں، ان میں محمد زاہد، نذیر جونیئر، بلال آصف، عارف بٹ، تنویر احمد، شاہد آفریدی، شاہد نذیر، وہاب ریاض، یاسر عرفات، شبیر احمد، محمد سمیع اور نعمان علی یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں۔پاکستان کی جانب سے محمد نذیر جونیئر اور محمد زاہد ڈیبیو ٹیسٹ کی ایک اننگز میں سات وکٹیں لیکر سر فہرست ہیں۔ نذیر جونیئر نے 1969 میں نیوزی لینڈ کیخلاف کراچی ٹیسٹ میں سات وکٹیں لیں تھیں اور محمد زاہد بھی ڈیبیو ٹیسٹ کی ایک اننگز میں سات وکٹیں لے چکے ہیں۔ محمد زاہد نے نیوزی لینڈ کیخلاف 1996 میں ٹیسٹ میں 9 وکٹیں لیں تھیں جبکہ ابرار احمد ڈیبیو ٹیسٹ کے پہلے دن اور کھانے کے وقفے سے پہلے پانچ وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی سپنر بھی ہیں۔ چھٹی اور ساتویں وکٹ بھی لے کر انہوں نے اپنے ریکارڈ کو بہتر کیا۔ ابرار احمد کھانے کے وقفے سے پہلے 5 وکٹیں لینے والے بھی پہلے بائولر ہیں۔ابرار احمد ڈیبیو پر 7 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے دنیا کے 22 ویں بائولر بھی بن گئے۔