بلوچستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں 1 ارب روپے سے زائد بے قاعدگیوں کا انکشاف
کوئٹہ /اسلام آباد (این این آئی)آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بلوچستان کے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے فنڈز میں سال 2021-22 کے دوران 1 ارب روپے سے زائد مالی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں۔پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مالی سال 2021-22 کی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مالی سال 2020-21 کے دوران محکمے کیلئے 2 ارب 34 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ مختص کیا گیا تھا جس میں سے پی ڈی ایم اے کی جانب سے 2 ارب سے زائد رقم خرچ کی گئی۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق محکمے میں خریداری کی مد میں 84 کروڑ 99 لاکھ، مالی بدانتظامی کی صورت میں 21 کروڑ 30 لاکھ، افراد ی قوت کے انتظامات کی مد میں 8 کروڑ 22 لاکھ جبکہ دیگر معاملات میں 70 لاکھ روپے سے زائد کی بے ضابطگیاں رپورٹ ہوئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے آفات سے قبل انتظامات کے بجائے بعد از آفات والے کاموں پر زیادہ توجہ دیتے ہوئے کل ڈیڑھ ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ کے میں 1 ارب 15 کروڑ روپے سے زائد کی مالی بے قاعدگیوں کی نشاند ہی کی گئی ہے، ریلیف اکاؤنٹ سے 1 ارب 26 کروڑ، ریسکیو اینڈ شیلٹر اکاؤنٹ سے 9 کروڑ 80 لاکھ، بلوچستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ فنڈ اکاؤنٹ سے 18 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا کہ پی ڈی ایم اے نے قوانین کی خلاف ورزی کر تے ہوئے 3 لاکھ 40 ہزار این 95 ماسکوں کی خریداری میں 18 کروڑ 70 لاکھ روپے، غیر قانونی طور پر ایمبولینس، آگ بھجانے والے ٹرک، واٹر باؤزر، آگ بجھانے والی موٹر سائیکلیں، وائس لیس کمیونیکشن کی خریداری میں 11 کروڑ 9 لاکھ سے زائد کی بے قائدگیاں کی ہیں۔