سندھ ہائیکورٹ :وفاق اور صوبے کو لڑکیوں کی بیرون ملک سمگلنگ پرجے آئی ٹی بنانے کا حکم
کراچی (نیٹ نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے کم عمر بچیوں کی ہیومن ٹریفکنگ کی تحقیقات کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا حکم دیدیا۔سندھ ہائیکورٹ نے لڑکی کے مبینہ اغوا کیس میں ملزم کی درخواست ضمانت پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے ملزم عدنان کے مطابق اس نے متاثرہ لڑکی مسکان سے نکاح نہیں کیا، وہ سونیا سے نکاح کرنے عمان سے آیا تھا، سٹی کورٹ میں نکاح ہوا۔عدالت نے اپنے حکم نامے میں مزید کہا زیادتی سے متعلق تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کی ضرورت ہے لہٰذا وزارت داخلہ، محکمہ داخلہ کم عمر بچیوں کی ٹریفکنگ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دیں۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس کیس سے واضح ہے گینگ بغیر کسی خوف کے کام کررہے ہیں،معا ملے کو ایسے نہیں چھوڑا جاسکتا قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایسے گینگز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، اس کیس میں بھی مغویہ اغوا کاروں کے چنگل سے فرار ہوکر گھر پہنچی ہے اور اس نے بتایا جس جگہ اسے اغوا کرکے رکھا گیا، وہاں 10 سے 15 لڑکیاں اور بھی تھیں۔عدالت نے ملزم عدنان کی ایک لاکھ روپے میں ضمانت منظور کرلی اور آئندہ سماعت پر جے آئی ٹی اور ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کرلی۔