فٹبال ورلڈ کپ : پرتگال کو شکست ‘رونالڈو روپڑے ‘مراکش پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں
لاہور(سپورٹس رپورٹر)فیفافٹبال ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں مراکش نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔قطر کے الثمامہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں مراکش رونالڈو کی پرتگال کو ہرا کرپہلی بار ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ مراکش کی جانب سے پہلے ہاف میں کیے گئے گول کو پرتگال مقررہ وقت میں برابر نہ کرسکا۔مراکش کے گول کیپر نے اہم میچ میں کئی یقینی گول بچا کر جیت میں اہم کردارادا کیا۔ فتح کے بعد مراکشی ٹیم کے کھلاڑی اور کوچنگ سٹاف سجدہ ریز ہو گئے ۔ خیال رہے کہ مراکش کی ٹیم فیفا ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب اور پہلی افریقی ٹیم بن گئی ہے۔مراکش فیفا ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والا دوسرا مسلم ملک ہے، اس سے قبل 2002 کے ورلڈکپ میں ترکی سیمی فائنل میں پہنچا تھا۔رونالڈو میچ ختم ہوتے ہی روتے ہوئے گراؤنڈ سے روانہ ہوئے۔ کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا گیا دوسرا کوارٹرفائنل مقررہ وقت میں 2-2 گول سے برابر رہا۔ ارجنٹائن کی جانب سے پہلا گول مولینا نے 35 ویں منٹ میں کیا جبکہ دوسرا گول لیونل میسی نے 73ویں منٹ میں پینالٹی کک پر سکور کیا۔ نیدرلینڈز کے دونوں گول ویگ ہورسٹ نے کھیل کے آخری لمحات میں کیے۔میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا مگر اْس میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کرسکی جس کے بعد پینالٹی ککس کا سہارا لیا گیا، دونوں ٹیموں کو 5،5 پینالٹی ککس دی گئیں۔پینالٹی ککس سیشن میں ارجنٹائن نے 4 اور نیدرلینڈز نے 3 گول کیے۔ ارجنٹائن کی ٹیم نے دوسرے کوارٹر فائنل میں فتح حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی جہاں اْس کا مقابلہ منگل کو کروشیا سے ہوگا۔