• news

سی پیک‘ دشمنوں پر بھی نظر رکھی جائے

چائنا پاکستان اکنامک کاریڈور (سی پیک) پاکستان چین کی عشروں پر محیط دوستی کا مظہر ہے۔ یہ ایسا اقتصادی منصوبہ ہے جس پر عمل کرکے نہ صرف دونوں ممالک کی معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی کی راہیں کھلیں گی بلکہ خطے کیلئے بھی مثبت نتائج برآمد ہونگے‘ لیکن جس قدر عوامی اہمیت کا حامل یہ منصوبہ ہے‘ اسی قدر یہ ہمارے دشمنوں کی آنکھ میں کانٹنے کی طرح کھٹکتا ہے۔ اس حقیقت کا ادراک پاکستان اور چین دونوں ممالک کی قیادتوں کو بخوبی ہے۔ اسی لئے وہ اس حوالے سے وقتاً فوقتاً اظہار خیال کرتے اور ضروری اقدامات بھی کرتے رہتے ہیں۔ جمعہ کے روز پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صدرمملکت کا کہنا تھا کہ چین پاک اقتصادی راہداری ایک تزویراتی منصوبہ ہے۔ دوسرے ممالک کی بھی اس میں شرکت اوراس سے فائدہ اٹھانے کا خیرمقدم کریں گے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے چین کا قریبی ساتھی ہے۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ چینی حکومت سی پیک کو جلد مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چینی سفیر نونگ رونگ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اس گیم چینجر منصوبے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی بات چیت کی گئی۔ یہ اپنی نوعیت کا واحد منصوبہ ہے جو اپنے اندر ترقی کے وسیع امکانات لئے ہوئے ہے ۔ یہ منصوبہ خطے میں امن کے مستقل قیام کا بھی ضامن ہے کیونکہ اس کی کامیابی کیلئے خطے میں امن و سلامتی بنیادی شرط کا درجہ رکھتی ہے‘ تاہم دونوں ممالک کو اس حوالے سے اپنے مشترکہ دشمنوں پر بھی کڑی نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے جو اس منصوبے کی کامیابی کی راہ میں ہرممکن رکاوٹیں کھڑی کرنے اور اسے ناکام بنانے کی سعی ء نا مشکور کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار بیٹھے ہیں۔ان عناصر کے مذموم عزائم بہرصورت کامیابی سے ہمکنار نہیں ہونے دینے چاہئیں۔

ای پیپر-دی نیشن