• news

بلوچستان‘ کراچی مسائل دلدل میں‘ حکمرانوں کو پروا نہیں: سراج الحق


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان اور کراچی مسائل کی دلدل میں پھنس چکے۔ لوگ مایوس، حکمرانوں کو رتی برابر پروا نہیں۔ سوا تین کروڑ متاثرین سیلاب کی بھی کوئی خبرگیری نہیں ہوئی۔ سرکاری اور عالمی امداد کہاں گئی۔ کہاں خرچ ہوئی، عوام کو کچھ معلوم نہیں۔ وہ بلوچستان اور کراچی کے حالیہ دورے کے بعد منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ 14جماعتی پی ڈی ایم اتحاد اور پی ٹی آئی بلوچستان، کراچی سمیت ملک بھر کے مسائل اور معاشی تباہی میں برابر کی ذمہ دار ہیں۔ زرمبادلہ کے ذخائر گزشتہ چار سالوں کی کم ترین سطح پونے سات ارب ڈالر سے بھی نیچے جو چند ہفتوں کی درآمدات کے لیے بھی ناکافی ہیں۔ حکمران اور سٹیٹ بنک کے گورنر معاشی صورت حال سے متعلق قوم کے ساتھ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ مہنگائی کم ہوئی نہ بے روزگاری کا طوفان تھما، حقائق کے برعکس دعوے کیے جا رہے ہیں کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو جائے گا اور بیرونی ادائیگیاں بھی بروقت ہوں گی۔ دوسری طرف حکمرانوں نے مسلسل کشکول اٹھایا ہوا ہے۔ دوست ممالک سے مزید قرضے مانگے جا رہے ہیں اور آئی ایم ایف سے اگلی قسط کے لیے ترلے ہو رہے ہیں۔ موجودہ اور ماضی کی حکومتوں کی غلط معاشی پالیسیوں نے قوم کے گلے میں غلامی کا طوق ڈال دیا ہے۔ اسلامی ایٹمی پاکستان کے غیرت مند لوگوں کو عالمی سطح پر بھکاری بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن