ایم ڈی کیٹ میں نمبر تبدیل کرنے پر طالبہ لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئی
لاہور(سپیشل رپورٹر)ایم ڈی کیٹ میں نمبر تبدیل کرنے پر طالبہ لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئی اپنی جوابی کاپی کی فرانزک کروانے کا مطالبہ کر دیا ہے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید کی عدالت میں کیس کی سماعت12دسمبر کو ہوگی تحصیل سمندری کی طالبہ زہراب زینب نے سمیع درانی ایڈووکیٹ کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ میں اسکے اصل نمبر وںکو تبدیل کر کے کم کیے گئے ہیں۔ ٹیسٹ کی کاربن کاپی اور اصل شیٹ کے رزلٹ میں فرق ہے‘ اسکے 200میں سے 175 جواب درست تھے‘ جب نتائج کا اعلان ہوا تو کسی اور کو نوازنے کیلئے اسکے نمبر 155کر دئیے گئے ہیں۔ طالبہ نے موقف اختیار کیا کہ اس نے ری چیکنگ کی درخواست دی تو اسے کسی اور کی کاپی تھما دی گئی جس پر درست جوابات کو مٹایا گیا تھا۔ طالبہ نے ایم ڈی کیٹ انتظامیہ کو قانونی نوٹس جاری کیا کہ اسے اس کی رنگین کاپی فراہم کی جائے اور اسکے رزلٹ کا فرانزک کروایا جائے کیونکہ طالبہ نے نیلی بال پنسل سے جوابی کاپی تحریر کی تھی جبکہ اسے جو کاپی دکھائی گئی اس پر بلیک پنسل سے جوابات تحریر تھے۔ انتظامیہ طالبہ کی رزلٹ کی رنگین کاپی بھی فراہم نہیں کر سکی ہے لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ اسکی رنگین جوابی کاپی عدالت میں طلب کی جائے اور اسکا فرانزک کروایا جائے اور نمبر کم کرنے میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کاروائی کی جائے۔