متنازعہ آرٹیکل‘ ڈیلی میل کے پرنٹ ایڈیشن میں بھی معافی نامہ شائع
لندن (عارف چودھری) برطانوی اخبار ڈیلی میل نے وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف متنازعہ خبر کی معافی پرنٹ ایڈیشن میں بھی شائع کر دی۔ پہلے اخبار کے گروپ ایسوسی ایٹڈ پریس نے معافی آن لائن ڈیل میل میں شائع کی تھی۔ اب معافی میل آن سنڈے کے پرنٹ اور آن لائن دونوں ورژنز پر شائع کی گئی ہے۔ اخبار نے 18 صفحات پر مشتمل طے شدہ معاہدے کے تحت معافی کو صفحہ دو پر شائع کیا ہے۔ صفحہ دو پر معافی چھاپنے کا مقصد ہے کہ اخبار پڑھنے والے کی اخبار کھولتے ہی نظر پڑے۔ اخبار نے ڈیوڈ روز کی متنازعہ خبر تقریباً آخری صفحات پر شائع کی تھی۔ میل آن سنڈے نے وضاحت کی ہے کہ برطانیہ کے ایڈیٹرز کوڈ آف پریکٹس کے پابند ہیں۔ میل اخبار برطانیہ کے انڈی پینڈنٹ پریس ٹینڈر آرگنائزیشن کا رکن ہے۔ غلطی کا احساس ہوتے ہی جلد از جلد تقسیم کی جاتی ہے۔ کورٹ میں گروپ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ معافی پرنٹ ایڈیشن میں بھی شائع کرے گا۔ میل آن سنڈے نے 19 جولائی 2019ء کو شہباز شریف اور ان کے داماد کے خلاف بے بنیاد خبر شائع کی تھی۔