• news

وزیراعظم،وزیر خزانہ سے گورنر کی ملاقاتیں،معاشی استحکام کیلئے پر عزم ہیں:ڈار


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے ملاقات کی، جس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ماڈل ٹاﺅن میں ہونے والی ملاقات میں صوبائی انتظامی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ قبل ازیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ وزیر اعظم، پارٹی اور پوری قوم کی نگاہیں آپ پر ہیں۔ انشاءاللہ آپ اور آپ کی تجربہ کار ٹیم جلد ملک کو معاشی مشکلات سے نکالے گی۔ انہوں نے کہا کہ آپ اور پوری ٹیم کی ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کا سفر نئے عزم اور جذبے سے دوبارہ شروع کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں پوری وفاقی کابینہ اور حکومت کوشاں ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حالات مشکل ضرور ہیں لیکن معیشت کے اشاریوں سمیت دیگر شعبوں میں استحکام آیا ہے۔ وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں ریکارڈ خسارہ اور بھاری قرضوں کی وجہ سے معاشی بحران پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پہلے بھی ملک کو مشکلات اور بحرانوں سے نکالا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ 1999ءمیں ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ایٹمی دھماکوں کے بعد معاشی پابندیوں کے باوجود اور 2013ءمیں بدترین لوڈ شیڈنگ اور معاشی بحران میں مسلم لیگ (ن) مشکل حالات میں ملک میں استحکام لائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وہی تجربہ کار ٹیم ملک میں معاشی بحران ختم کر کے معاشی استحکام کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقاتیں

ای پیپر-دی نیشن