مونس الٰہی نے اقتدار کیلئے چوہدری خاندان کو تقسیم کیا، چوہدری سالک
لندن (نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے سپریم کورٹ کو جلد فیصلہ کرنا ہو گا کہ ارکان اسمبلی پارٹی قیادت کے فیصلے کے پابند ہیں یا پارلیمانی لیڈر کے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پنجاب اسمبلی کی تحلیل سے قبل سپریم کورٹ پنجاب کے اراکین سے متعلق فیصلہ کرے۔انہوں نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل پنجاب اسمبلی تحلیل ہوئی تو نیا سیاسی وآئینی بحران پیدا ہو گا۔اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا چوہدری خاندان متحد تھا، مونس الٰہی نے دراڑ ڈالی، انہوں نے اقتدار کے لیے چوہدری خاندان کو تقسیم کیا۔چوہدری سالک نے کہا کہ مونس الٰہی جب چاہیں رابطہ کر سکتے ہیں، مجھے کوئی مسئلہ نہیں ۔