• news

ایک اور اچھی پارٹنر شپ ہوگئی تو انگلینڈ پر دباؤ ہوگا: رضوان


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ایک اور اچھی پارٹنر شپ ہو گئی تو انگلینڈ پر دباؤ ہوگا، ایک اچھا میچ دیکھنے کا موقع ملے گا۔ تین سو سے زائد رنز کا ہدف حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا، یہ چیز ہمیشہ مائنڈ میں رہتی ہے لیکن جس طرح کھیل رہے ہیں اورپلان ہے تو ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے، ہم نے کل ہی پلان ذہن میں بنایا تھا کہ اگر 350 یا 360 کے اندر ہدف رکھتے ہیں تو ہمارے پاس ایک چانس ہوگا۔ ہم نے ماضی میں سری لنکا میں اتنا ہدف حاصل کیا ہوا ہے، ہمارے ذہن کے مطابق ٹارگٹ ملا جلد وکٹیں بھی حاصل کر لی تھیں، انگلینڈ نے اچھی بائولنگ کی ہماری وکٹیں جلد گرگئیں، ہم نے جس طرح بیٹنگ کی ہے اب ہماری پوزیشن ان سے اوپر ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم ایک مختلف انداز میں کھیلتی ہے، وہ لوگ آتے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہیں، انگلینڈ کی ٹیم فیلڈنگ سے ہم پر اٹیک کر رہی ہے، ہمیں ان کے اوپر سے کھیلنا پڑ رہا ہے، ہم نے بھی ان پر اٹیک کیا اور جلد وکٹیں ملیں۔ امام الحق دستیاب نہیں تھے تو کوچ اور کپتان نے مجھ سے اوپننگ کیلئے پوچھا، میں نے فوری طور پر جواب دیا کہ میں تیار ہوں، مجھ پر اعتماد کیا گیا اور میں نے بھی اوپننگ کیلئے خوشی کا اظہار کیا، ٹیسٹ کرکٹ میں اوپن کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن میں اس میں خوشی محسوس کرتا ہوں، میں جس بال پر آؤٹ ہوا وہ واقعی شاندار بال تھی، ڈریسنگ روم میں آیا تو نسیم شاہ نے کہا کہ ایسا لگا ڈیوک کا بال ہو انگلینڈ میں کھیل رہے ہوں۔ میرے پاس اس بال کا کوئی جواب نہیں تھا، شاید مجھ میں کوئی کمی تھی جو اس طرح کی بال پڑی اور میں آوٹ ہو گیا،ہو سکتا ہے کہ انگلینڈ کے بائولرز نے پچ پر کریکس کا استعمال کیا ہو، انگلینڈ کی بائولنگ دنیا کی بہترین ٹیسٹ بائولنگ ہے، انہوں نے ورلڈ کلاس بالز پر بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کو آؤٹ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن