• news

فیفا نے ارجنٹائن، نیدر لینڈ کوارٹر فائنل کی تحقیقات شروع کردیں


لاہور(سپورٹس رپورٹر) فیفا نے قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں ارجنٹائن اور نیدر لینڈ زکے مابین کھیلے گئے میچ میں بار بار بدمزگی اور کھلاڑیوں میں تصادم کے واقعات پر میچ ختم ہونے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہیں۔فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے ارجنٹائن اور نیدر لینڈز کیخلاف انضباطی طریقہ کار کا آغاز کردیا ہے کیونکہ میچ میں مسلسل بدمزگی اور کھلاڑیوں کے رویے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل کو متاثر کیا ہے۔فیفا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ارجنٹائن فٹبال فیڈریشن کیخلاف الزامات کا تعلق کھلاڑیوں اور عملے سے بدتمیزی اور میچوں میں آرڈر اور سکیورٹی سے ہے۔
 جبکہ نیدر لینڈز کی ٹیم کو بھی رویے کی تحقیقات کا سامنا ہے۔میچ کے دوران کئی بار دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان بدمزگی اور تصادم کی صورتحال پیدا ہوئی، کھلاڑی گتھم گتھا بھی ہوئے جب اسی بے نظمی کے سبب میچ میں ریکارڈ 18 یلو کارڈ دکھائے گئے تھے۔میچ کے بعد ریفری پر ارجنٹائن کپتان لیونل میسی بھی برس پڑے تھے اور انہوں نے ریفری انٹونیو میٹو لاہوز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ریفری انتہائی اہم میچ میں اپنا کام ٹھیک طریقے سے کرنے میں ناکام رہے اور فیفا ان کیخلاف کارروائی کرے۔

ای پیپر-دی نیشن