• news

عالمی برادری سمجھ لے تنازعہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن ناممکن:  مشعال ملک

اسلام آباد (اے پی پی) پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غیر قانونی طور پر نظربند کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے یہ بات اسلام آباد بار کونسل کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرکی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں انسانوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز پیلٹ گنز جن کا استعمال جانوروں پر بھی ممنوع ہے ۔ اقوام متحدہ جو دنیا بھر میں انسانی حقوق کے احترام کا ذمہ دارہے، بدقسمتی سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مکمل طور پر خاموش ہے۔ خواتین کی تذلیل کرنا بھارتی فوج کا روز کا معمول ہے۔ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور کشمیریوں کو معاشی طور پر کمزور کرنے کے لیے ان کی زمینوں پر قبضہ کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن