فیصل آباد‘ متعدد وارداتیں‘ شہری لاکھوں روپے‘ زیورات‘ قیمتی سامان سے محروم
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی سات درجن وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے، بھاری طلائی زیورات، درجنوں موبائل فونز، قیمتی سامان، مویشیوں، رکشہ اور دو درجن سے زائد موٹر سائیکلوں سے محروم ہو گئے۔ ڈسٹرکٹ فیصل آباد میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی پچھتر سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ وارداتوں کے دوران بائیس موٹر سائیکل چوری اور تین موٹر سائیکل چھین لیے گئے، جبکہ پولیس نے کارروائی کرنے کی بجائے موٹر سائیکل ڈکیتی سمیت راہزنی اور چوری کی بائیس وارداتیں بوگس قرار دے کر اپنی جان چھڑا لی۔ راہزنی اور چوری کی بتیس وارداتیں رپورٹ ہوئیں، مویشی چوری کی پانچ، رکشہ چوری اور نوسربازی کی ایک ایک واردات رپورٹ ہوئی۔ لوٹ مار کی روز بروز بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ فیصل آباد پولیس کے افسران تاحال کاغذی کارروائیوں کے سحر میں مبتلا ہیں اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کرنے میں ناکام ہیں۔