فیصل آباد‘ لڑکی سے زیادتی‘ اوکاڑہ مغوی بچی کو نشانہ بنانے والا گرفتار
فیصل آباد‘ اوکاڑہ‘ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+نیوز رپورٹر) اوباش نے اسلحہ کے زور پر لڑکی کو بے آبرو کر دیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ منصور آباد کے علاقہ دستگیر کالونی میں ملزم خلیل احمد اپنے ہمسائے ثناء اللہ کی جواں سال بیٹی (ث) بی بی کو بچوں کو ملانے کے بہانے اپنے گھر لے گیا اور اسے کمرے میں بند کر کے اسلحہ کے زور پر ڈرا دھمکا کر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ متاثرہ لڑکی کے شور پر محلہ دار اکٹھا ہوئے تو ملزم فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا۔ اوکاڑہ میں دس سالہ بچی کواغواء کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے نوٹس لیتے ہوئے آرپی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کرلی، متاثرہ بچی کے لواحقین نے سوشل میڈیا پر اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ڈی پی او اوکاڑہ محمد فرقان بلال نے متاثرہ بچی کے لواحقین کوانصاف کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ایف آئی آر کے مطابق ضیاء الدین کالونی کا رہائشی محنت کش خالد نواز ولد محمد حسین کی 10سالہ بیٹی (ث)کو ملزم نذیر احمد اپنے 2نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ اسلحہ کے زور پر اغواء کر کے لے گیا۔ ملزم نذیراحمد نے ڈرا دھمکا کر بچی کو زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ بچی نے گھر پہنچ کر اپنے والدین کو اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کا بتا دیا جس پر متاثرہ بچی کے والد نے پولیس تھانہ سٹی دیپالپور کو مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست دے دی اور سوشل میڈیا پر اعلیٰ حکام سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ سوشل میدیا پرگردش کرتی خبر پر وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری نوٹس لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے سمپل فرانزک لیبارٹری بھیج دئیے گئے ہیں۔ باقی نامعلوم ملزموںکی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔